کراچی(آئی این پی) سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کا بڑا نیٹ ورک پکڑ لیا اور اہم دہشت گرد کمانڈرز سمیت 17دہشتگرد گرفتار کرلئے۔ ٹی ٹی پی کے دہشتگرد کراچی میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ وصولی جیسے سنگین جرائم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کومطلوب تھے۔ان دہشتگردوں کو افغانستان سے ٹی ٹی پی کی قیادت کی سرپرستی میں مدرسہ طلبہ کے روپ میں منظم کیا گیا تھا،گرفتار دہشت گرد 2007تا 2014 تک ٹی ٹی پی نیٹ ورک کا حصہ تھے اور سوات / مالاکنڈ میں سیکورٹی فورسز اور این جی اوزپر مختلف حملوں میں ملوث تھے۔یہ دہشت گرد کراچی میں فرقہ وارانہ، نسلی، سیاستدانوں کی ٹارگٹ کلنگ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں بھی ملوث تھے،یہ نیٹ ورک افغانستان میں ٹی ٹی پی کی اعلی قیادت کے لیے بھتہ خوری کی سرگرمیوں اور اغوا برائے تاوان کے ذریعے فنڈز اکھٹا کرتا تھا،اس نیٹ ورک نے مدرسے میں خودکش بمباروں کو بھی پناہ دی تھی جنہیں افغانستان سے کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشتگردی کی مختلف سرگرمیوں میں استعمال ہونا تھا۔