• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھلاڑیوں کا لیگز کھیلنا حق ہے لیکن پہلی ترجیح پاکستان کی جانب سے دستیاب ہونا ہے، شاہ خاور

شاہ خاور--- فوٹو بشکریہ پی سی بی سوشل میڈیا اکاؤنٹ
شاہ خاور--- فوٹو بشکریہ پی سی بی سوشل میڈیا اکاؤنٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیئرمین شاہ خاور نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کا لیگز کھیلنا حق ہے لیکن پہلی ترجیح پاکستان کی جانب سے دستیاب ہونا ہے

لاہور قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ خاور نے کہا کہ محمد حفیظ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں میچز کے حوالے سے بات ہوئی، میچز میں ٹیم کی کارکردگی بری رہی ہے، محمد حفیظ رپورٹ بھی دیں گے۔

شاہ خاور نے کہا کہ میچز کے حوالے سے ہماری عمومی گفتگو ہوئی ہے، حفیظ کے ساتھ غیر رسمی گفتگو ہوئی ہو سکتا ہے کہ انہوں نے کہا ہو کہ کھلاڑیوں کا فوکس لیگز پر تھا۔

انہوں نے کہا کہ لیگز کے معاہدوں کے حوالے سے ضرور دیکھنے کی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کے فوکس کے حوالے سے میرے علم میں بھی باتیں آئی ہیں۔

شاہ خاور نے کہا کہ محمد حفیظ کا معاہدہ ایک ماہ کا تھا، اس عہدے کا اشتہار دینا ضروری ہوتا ہے یہ پیٹرن پر منحصر ہے کہ کیا فیصلہ کرنا ہے، آئین کے مطابق پیٹرن آئی پی سی سے گائیڈ لائن لے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی رابطہ کی وزارت کی جانب سے کوئی مداخلت نہیں، وزیراعلیٰ کے ہوتے ہوئے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے میں کوئی رکاوٹ نہیں، چیئرمین کا عہدہ منافع والا نہیں، اس لیے یہ کسی چیز کے ساتھ متصادم نہیں۔

شاہ خاور نے کہا کہ ایک سال سے منیجمنٹ کمیٹی کام کر رہی ہے، ٹیم کی خراب کارکردگی کی کئی اور وجوہات بھی ہیں ان کو بھی دیکھنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے شیڈول پر اعتراض کا علم نہیں، پریذیڈنٹ ٹرافی کا فائنل اب 9 فروری سے شروع ہو سکتا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید