ورجینیا میں امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کی رہائش گاہ کے باہر فلسطین کی حمایت میں مسلسل دوسرے روز بھی مظاہرہ جاری ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انٹونی بلنکن کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرین نے مسلسل 2 روز سے دھرنا دیا ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے ہیں جن پر غزہ میں مکمل جنگ بندی کے پیغامات درج ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انٹونی بلنکن کی رہائش گاہ کے باہر فلسطینی پرچم تھامے مظاہرین سڑک سے گزرنے والے کار سواروں سے ہارن بجانے کی درخواست بھی کر رہے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم نے یہاں دھرنا اس لیے دیا ہے تاکہ حکومت کو یہ بتا سکیں کہ امریکی عوام کو اپنے ٹیکس کے پیسوں کا 13ہزار معصوم بچوں اور 30 ہزار سے زیادہ معصوم فلسطینی شہریوں کو قتل کرنے، اُنہیں خوفزدہ کرنے اور بے گھر کرنے کے جرم میں استعمال ہونا کسی صورت گوارا نہیں ہے۔
مظاہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم غزہ میں جنگ بندی ہونے تک حکومت پر اس طرح مختلف مظاہروں کے ذریعے دباؤ ڈالتے رہیں گے۔