• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت پورے خطے میں اپنا جارحانہ دشمن ایجنڈا نافذ کرنیکی کوشش کر رہا ہے، شاہد مجید

کشمیر یکجہتی فورم جاپان کے چیئرمین شاہد مجید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ 5 فروری جاپان سمیت پوری دنیا میں یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا تاکہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے ناجائز مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کی بھرپور مذمت کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی قبضے نے جموں و کشمیر میں تشویشناک صورتحال پیدا کی ہوئی ہے، کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبانے میں ناکام بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہر روز بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں۔

شاہد مجید نے کہا ہے کہ جاپان میں کمیونٹی کی نمائندہ تنظیموں کے ہمراہ وہ 5 فروری کو ’کشمیر یکجہتی فورم جاپان‘ کی جانب سے ٹوکیو میں اقوام متحدہ کے نمائندے کے دفتر میں ایک قرارداد پیش کریں گے جس میں اقوام متحدہ کو کشمیر کے عوام سے ان کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنے کا وعدہ یاد دلایا جائے گا اور ٹوکیو میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے بھی پرامن مظاہرہ کیاجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پورے خطے میں اپنا جارحانہ دشمن ایجنڈا نافذ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور پوری دنیا اس خطے میں اپنی نام نہاد بالادستی قائم کرنے کی بھارت کی مایوس کن کوششوں کو بخوبی جانتی ہے۔

چیئرمین کشمیر یکجہتی فورم نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 7 دہائیوں سے اپنے پیدائشی حق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور جاری رکھیں گے، تحریک آزادی اپنے منطقی انجام تک پہنچنے تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے آس پاس اور دنیا بھر کے پاکستانی و کشمیری ہر سال 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر مناتے ہیں تاکہ اپنی جدوجہد آزادی کے اپنے عہد کی تجدید کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نئی دہلی اور انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں کو زمینی حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جاری تنازع کو حل کرنا چاہیے۔

انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد آزادی زور پکڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو دنیا بھر میں ایک نام نہاد چیمپئن کے طور پر پیش کر رہا ہے، انسانی حقوق کی پامالی جبکہ فاشسٹ مودی سرکار بھارت میں بسنے والی اقلیتوں پر بے تحاشا مظالم ڈھا رہی ہے اور کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کو محاصرے میں لے کر قابض بنا دیا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید