پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ نازش جہانگیر نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ماضی میں محبت میں اندھی ہوگئی تھیں لیکن اس تجربے سے آنکھیں کُھل گئیں۔
گزشتہ دنوں اداکارہ نے نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر کے علاوہ نجی زندگی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
دوران گفتگو انہوں نے ایک سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ ماضی میں محبت میں گرفتار رہ چکی ہیں اور اس محبت نے انہیں اندھا کردیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب انسان کسی کی محبت میں گرفتار ہوتا ہے تو حقیقت پسند انسان بھی اپنے دل و دماغ سے سوچنا چھوڑ دیتا ہے، سامنے والے کی ہر چیز ٹھیک لگتی ہے لیکن جب دل ٹوٹتا ہے تو سمجھ آتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں حقیقت پسند ہوں اس لیے ماضی کی محبت زیادہ عرصے چل نہیں سکی، اس محبت کے بعد زیادہ پریکٹیکل ہو چکی ہوں، اب میں اپنا دماغ اور آنکھیں کھلی رکھنے کی عادی ہوں۔
دوران پروگرام میزبان نے سوال کیا کہ اگر پرانی محبت لوٹ کر آجائے تو آپ کیا کریں گی؟
میزبان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ماضی کی محبت کو فراموش کرکے آگے بڑھ چکی ہوں اور مطمئن ہوں، کبھی کسی ایسے شخص کے ساتھ تعلقات نہیں رکھوں گی جس نے کبھی میرا دل توڑا ہو۔
نازش جہانگیر نے 2017 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے انتہائی کم عرصے میں خاصی مقبولیت حاصل کی۔
انہوں نے کئی مشہور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں کم ظرف، سراب، گھمنڈی اور دل تنہا تنہا سمیت دیگر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ماضی میں نازش جہانگیر اور اداکار و میزبان محسن عباس حیدر کے درمیان تعلقات کی خبریں زیر گردش رہیں لیکن دونوں نے کبھی اس کا کھل کر اظہار نہیں کیا۔