پشاور ہائی کورٹ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
سابق اسپیکر اسد قیصر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے خلاف دائر درخواست پر جسٹس شکیل احمد اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللّٰہ نے سماعت کی۔
عدالت نے 23 جون 2023 کو اسد قیصر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا آرڈر غیرآئینی قرار دے دیا۔
اسد قیصر کے وکیل معظم بٹ ایڈووکیٹ نے کہا کہ اسد قیصر سابق اسپیکر قومی اسمبلی ہیں، وہ عمرہ ادائیگی کے لیے جا رہے تھے انہیں روکا گیا۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللّٰہ نے سوال کیا کہ ان کا نام کب ای سی ایل میں شامل کیا گیا ؟
وکیل نے بتایا کہ 23 جون کو ان کا نام ای سی ایل پر ڈالا گیا۔
جسٹس شکیل احمد نے سوال کیا کہ یہ اب ممبر قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے ہیں؟
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ جی یہ ممبر قومی اسمبلی اور سینئر سیاستدان ہیں۔
عدالت نے اسد قیصر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا آرڈر غیر قانونی قرار دے کر ان کا نام ای سی ایل سے فوری طور پر نکالنے کا حکم دے دیا۔