شہرۂ آفاق فلم فیسٹیول کانز میں پاکستانی شارٹ فلم’جامن کا درخت‘ نے بہترین فلم کا ایوارڈ جیت لیا۔
فلم کے ہدایتکار رافع راشدی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کانز فلم فیسٹول میں ایوارڈ جیتنے پر فلم کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ’ہم کانز فلم فیسٹول میں’بیسٹ سوشل جسٹس شارٹ فلم‘ کا ایوارڈ جیت گئے ہیں‘۔
اس فلم کی کہانی بی گل نے لکھی ہے جو کہ میاں بیوی کے تعلقات اور گھریلو تشدد پر مبنی ہے جبکہ اسے پروڈیوس فیصل کپاڈیا نے کیا ہے۔
فلم’جامن کا درخت‘ کا ٹریلر گزشتہ ماہ جنوری میں ریلیز کیا گیا تھا جس میں مشہور اداکار عدنان صدیقی منفی کردار میں نظر آئے۔
اس فلم کی کاسٹ میں عدنان صدیقی کے علاوہ ماہا طاہرانی اور فوزیہ امن بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل بھی کئی پاکستانی شارٹ اور فیچر فلموں نے کانز ورلڈ فلم فیسٹیول میں ایوارڈ اپنے نام کیے ہیں۔