• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانگے تانگے کی حکومت زیادہ عرصہ چلنے والی نہیں، پرویز الہٰی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مانگے تانگے کی حکومت زیادہ عرصہ چلنے والی نہیں۔ 

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پہلی بار دیکھ رہے ہیں کہ ہارے ہوئے لوگ اسمبلیوں میں حلف لے رہے ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عہدوں کی بندر بانٹ عوام کو قبول نہیں۔ پہلی بار دیکھ رہا ہوں کہ ہارے ہوئے لوگ اسمبلیوں میں حلف لے رہے ہیں جس سے پوری دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ مانگے تانگے کی حکومت زیادہ عرصہ چلنے والی نہیں، پی ڈی ایم 2 جلد اپنے انجام کو پہنچے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تبدیل کر کے ہارے ہوئے لوگ کس منہ سے حلف اٹھا رہے ہیں۔

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ چھوٹے لاڈلے نے پہلے بڑے لاڈلے کو فیل کیا اب اپنی طرف سے نہا دھو کے پھر آگئے ہیں۔ یہ خود اور ان کا پھیلایا ہوا گند اکٹھا ہی صاف ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان ہوبہو میرے دور کے منصوبوں کی نقل ہے۔ 

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ مریم نواز پہلے اپنے چچا سے پوچھیں کہ میرے منصوبوں کو نہ روکا ہوتا تو آج ان سے عوام مستفید ہو رہے ہوتے۔ پیسے ان کے پاس ہیں نہیں ایئر ایمبولینس کہاں سے چلائیں گے؟

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ عوام نے عمران خان سے محبت کا ثبوت دے کر اپنا حق ادا کر دیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف موجودہ جعلی حکمرانوں سے معاہدہ کرتے وقت بانی پی ٹی آئی کی تجاویز پر بھی غور کرے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی عمران خان کے بغیر ناگزیر ہے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ عوام نے واضح طور پر الیکشن میں پی ٹی آئی کے نمائندوں کا انتخاب کیا ہے۔ مستحکم ریاست اور معیشت کےلیے پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے وگرنہ حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتقامی کارروائیاں فوری روکی جائیں، اگر یہی روایت رہی تو پھر سب بھگتیں گے۔ ہمیں سب سے پہلے پاکستان کا سوچنا چاہیے کیونکہ ہم سب کی شناخت پاکستان سے ہے۔

قومی خبریں سے مزید