• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارشد ’چائے والا‘ نے لندن میں کیفے کھولنے کی وجہ بتا دی

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

چند سال قبل سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے ’ارشد چائے والا‘ کے نام سے مشہور نوجوان نے لندن میں چائے کیفے کی فرینچائز کھولنے کی وجہ بتا دی۔

ارشد خان حال ہی میں ایک ویب شو کے مہمان بنے جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔

اس شو کے دوران اُنہوں نے’ارشد چائے والا‘ کے نام سے اپنا برانڈ بنانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں اپنے چائے کے کام کو وسیع کرنے کا خواہشمند تو ہمیشہ سے ہی تھا اور اسی لیے میں نے اسلام آباد میں اپنا چائے کا ایک کیفے کھولا اور اس ایک کیفے سے میں اپنی زندگی آرام سے گزار سکتا تھا۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے چائے کے کاروبار کو بین الاقوامی سطح پر لے کر جانے کے بارے میں اس لیے سوچا تاکہ اپنے ملک کا نام روشن کر سکوں کیونکہ میں نے پاکستان کے قیام کے بعد سے لے کر اب تک کسی پاکستانی برانڈ کو بین الاقوامی سطح پر جاتے ہوئے نہیں دیکھا۔

ارشد خان نے بتایا کہ میں صرف 6 ماہ کے اندر اپنے کاروبار کو بین الاقوامی سطح پر لے کر گیا اور لندن میں اپنے کیفے کی ایک فرنچائز کھولی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میرا اپنے کاروبار کو اس طرح وسیع کرنے کا مقصد یہ بھی ہے کہ میں لوگوں کے لیے روزگار کے ذرائع پیدا کر سکوں۔

ارشد خان نے بتایا کہ کہ لندن میں ہماری ایک برانچ کُھل گئی ہے اور برطانیہ میں ابھی دس برانچزاور کُھولیں گے۔

ارشد خان راتوں رات کیسے مشہور ہوئے؟

اکتوبر 2016ء میں جب ارشدخان کی عمر 16 برس تھی تو اس وقت ایک فوٹوگرافر جویریہ علی نے ان کی ایک تصویر لی تھی جوکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس تصویر میں ارشد اپنے ایک گاہک کے لیے چائے ڈالتے نظر آ رہے تھے۔

اس تصویر میں ارشد خان کی خوبصورت نیلی آنکھیں اور چہرے پر سنجیدگی ان کی راتوں رات شہرت کی وجہ بنی۔

فوٹوگرافر جویریہ علی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر کے وائرل ہونے کے بعد ارشد خان کو میڈیا نے بھی خوب کوریج دی یہاں تک کہ میگزین میں بھی ان کی تصویریں شائع ہوئیں۔

خاص رپورٹ سے مزید