اسلام آباد (صالح ظافر) روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون پر مبنی روابط باہمی طور پر فائدہ مند تعاون بالخصوص اقتصادی، تجارتی، توانائی، سیکورٹی اور عوام سے عوام کے شعبوں میں مزید بڑھیں گے۔ اسی طرح کے خیالات کا اظہار سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور ملک کے اعلیٰ ترین بین الاقوامی تعلقات کے ماہرین نے بھی کیا۔ روسی سفیر اور دیگر انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) میں روسی سفیر کے بین الاقوامی مسائل سے نمٹنے والے باوقار ادارے کے پہلے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ ادارے نے البرٹ پی خوریف کا خیرمقدم کیا، جنہوں نے حال ہی میں اسلام آباد میں اپنی سفارتی ذمہ داری سنبھالی ہے۔ فریقین نے بات چیت کے دوران پاکستان روس دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز، علاقائی مسائل پر تعاون اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (ایس سی او) جیسے فورمز میں قریبی تعاون کے ذریعے تعلقات کی مضبوطی پر روشنی ڈالی گئی۔