کراچی(رپورٹ،اخترعلی اختر) 60برس کے ہوگئے پھر بھی جوان ، پاکستانی پاپ سنگرز نے بڑھاپے کو قریب نہیں آنے دیا، عالمگیر68 ،محمد علی شہکی 66، تحسین جاوید 65،سلیم جاوید 64 ، حسن جہانگیر 61اور سلمان احمد 60برس کے ہو گئے۔
ایک زمانہ وہ بھی تھا، جب روشنیوں کے شہر کراچی میں سب سے زیادہ کنسرٹس ہوا کرتے تھے، ایک رات میں پاپ سنگرز 8سے 10 کنسرٹس میں آواز کا جادو جگاتے تھے۔70کی دہائی کے آخری برسوں میں پاپ اسٹار محمد علی شہکی اورعالمگیر شہرت کی بلندیوں کو چُھو رہے تھے۔اسی دوران نازیہ حسن اور زوہیب حسن کا نام بھی تیزی سے مقبولیت کی جانب بڑھنے لگا۔
اُس زَمانے میں کراچی میں ہر طرف امن و سکون تھا،اب نہیں رہا، جس کی وجہ سے لائیو کنسرٹس کی تعداد میں بھی غیر معمولی کمی واقع ہوئی۔
آج ہم ان پاپ اسٹارز کی بات کریں گے، جنہوں نے اپنی زندگیوں کی 60سے زیادہ بہاریں دیکھ لی ہیں۔ سب سے پہلے البیلہ راہی کہلوانے والے پاپ اسٹار گلوکار عالمگیر کی بات کریں گے۔ ان کی آواز میں بے شمار سونگ مقبول ہوئے۔ یہ کیسٹ کا زمانہ تھا۔ان کے کیسٹس بھی خُوب فروخت ہوتے تھے۔
عالمگیر کی آواز میں گیت ’’شام سے پہلے‘‘ بہت مقبول ہوا۔پاکستانی سپر ہٹ فلم آئینہ کے گیتوں ’’وعدہ کرو ساجناں‘‘ اور ’’مجھے دِل سے نہ بھلانہ‘‘ نے بھی عالمگیر کی شہرت میں بھر پوراضافہ کیا۔اِس وقت اُن کی عمر 68 برس ہے۔ وہ آج بھی پُوری توانائی کے ساتھ کنسرٹس اور ٹی وی شوز میں پرفارم کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ان کے ساتھ ساتھ پاپ سنگر محمد علی شہکی کا نام بھی تیزی سے سامنے آیا۔
محمد علی شہکی، کسی بھی کنسرٹس کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے تھے، وہ ایک رات میں کئی شوز میں پرفارم کرتے تھے۔ ٹیلی ویژن پر بھی ان کے گیت ناظرین کے دل جیت رہے تھے۔
ساحرہ کاظمی کا پروڈیوس کیا ہوا ملی نغمہ ’’ہما ہما کر بھیا‘‘ نے محمد علی شہکی کی شہرت میں زبردست اضافہ کردیا تھا۔خوش شکل ہونے کی وجہ سے انہیں فلموں میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہوئیں۔
محمد علی شہکی نے ’’سن آف ان داتا‘‘ سمیت ایک درجن کے قریب فلموں میں کام کیا۔بابرہ شریف کے ساتھ فلم میں ہیرو بھی آئے۔اِس وقت اُن کی عمر 66 برس ہے۔ وہ اب بھی کنسرٹس میں آواز کا جادو جگاتے ہیں۔ریڈیو سے ایک ’’لیٹ نائٹ‘‘ شو بھی کرتے ہیں۔
شہکی اور عالمگیر کے ساتھ ساتھ تحسین جاوید کنسرٹس کی جان بن گئے۔ ان کی آواز میں آڈیو کیسٹس بھی بہت بڑی تعداد میں فروخت ہوتے تھے۔ جاوید شیخ کی سپر ہٹ فلم ’’یہ دل آپ کا ہوا‘‘ کا سونگ ’’دِل ہوگیا ہے تیرا دیوانہ‘‘ تحسین جاوید کی آواز میں میں بے حد مقبول ہوا۔ان کی عمر اس وقت 65 برس ہے۔
موسیقی کی دُنیا میں وہ اب بھی سرگرمی سے کام کررہے ہیں۔80 کی دہائی میں ایک اور پاپ سنگر سلیم جاوید کے نام سے تیزی سے ابھر کر سامنے آئے۔سلیم جاوید نے پاپ موسیقی میں نِت نئے انداز اور ریمیک سونگ متعارف کروائے۔ان کا پہلا آڈیو البم بے انتہا مقبول ہوا۔
لائیو کنسرٹ میں موسیقی کے متوالے ان کی آواز میں ماڈرن ’’جُگنی‘‘ کے سب دیوانے ہوگئے تھے۔ان کی آڈیو کیسٹس نے فروخت کے ریکارڈ قائم کئے۔وہ آج 64 برس کی عمر میں بھی کنسرٹس اپنے نام کرلیتے ہیں۔
سلیم جاوید گزشتہ 40 برسوں سے محفلیں لُوٹ رہے ہیں۔ان کے اسٹائل اور سونگز کو بھارت میں بھی کاپی کیا گیا۔
سلیم جاوید کے ساتھ کنسرٹس میں حسن جہانگیر کا نام بھی تیزی سے گونجنے لگا۔پاپ سنگر حسن جہانگیر نے ابتدائی شہرت لائیو کنسرٹس اور کیسٹس کے ذریعے حاصل کی۔پھر ایک سونگ ایسا آیا، جس نے حسن جہانگیر کو ورلڈ فیمس اسٹار بنادیا تھا۔’’ہوا ہوا‘‘ سونگ کو 15 سے زیادہ بالی وڈ فلموں میں کاپی کیا گیا۔کئی بھارتی گلوکاروں نے بھی ’’ہوا ہوا‘‘کو نئے انداز سے گایا۔کوک اسٹوڈیو میں بھی حسن جہانگیر کے اس سونگ کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔ان کے اب تک درجنوں المبز ریلیز ہوکر کامیاب ہوچکے ہیں۔
جنون گروپ کے سلمان احمد سے کون واقف نہیں، انہوں نے اپنے گروپ کے ساتھ ملکر دنیا بھر میں پرفارم کیا ،وہ بھی60 برس کے ہوگئے ہیں۔