کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان ریلوے نے 50 ڈبوں پر مشتمل ملکی تاریخ کی سب سے بڑی مال گاڑی چلادی، اس سے قبل زیادہ سے زیادہ 40 ڈبوں پر مشتمل مال گاڑیاں چلائی جارہی تھیں، ریلوے حکام کے مطابق یہ مال گاڑی 2ہزار 5 سو فٹ طویل اور 50ہاپر ویگنز پر مشتمل ہے، سنگل انجن پر چلنے والی اس مال گاڑی میں 3ہزارٹن تک وزن لے جایا جاسکے گا، اس طویل ترین فریٹ ٹرین نے پپری یارڈ سے کوٹری کے درمیان آزمائشی سفر کام یابی سے مکمل کیا، 127کلومیٹر کے فاصلے میں یہ ٹرین 60کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلائی گئی، محکمہ ریلوے جلد ہی اس طویل ترین ٹرین کو باقاعدہ فلیٹ کا حصہ بنائے گا۔ واضح رہے کہ کراچی سے اس وقت یومیہ 10 سے زائد فریٹ ٹرینیں اندرون ملک روانہ ہورہی ہیں۔