پریمیئر لیگ میں آسٹریلیا کی ایلیسا پیری کا لگایا چھکا یادگار بن گیا، ان کی ہٹ سے نمائش میں رکھی کار کا شیشہ ٹوٹا اور کمپنی نے وہ شیشہ فریم کروا کے ایلیسا کو تحفے میں دے دیا۔
ایلیسا پیری نہ صرف کرکٹ کی ماہر کھلاڑی بلکہ وہ انٹرنیشنل فٹبال میچز میں بھی آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
ایلیسا پیری کسی میدان میں ہوں یا اسٹیج پر، سب کی نگاہوں کا مرکز بن جاتی ہیں۔ کرکٹ کھیلیں، فٹبال کھیلیں یا ماڈلنگ کریں، نظر انہی پر ٹھہر جاتی ہے۔
وہ ایک کمال کی کرکٹر ہیں، بولنگ کریں تو سامنے ٹکنے نہ دیں۔ بیٹنگ کریں تو بولرز کے چھکے چھڑا دیں۔
آج کل بھارت میں ویمن پریمیئر لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں جہاں باونڈری لائن پر نمائش کےلیے رکھی کار کا شیشہ ان کے لگائے چھکے سے چکنا چور ہو گیا۔
کمپنی نے وہ کار کا ٹوٹا شیشہ فریم کروا کے انہیں تحفے میں دے دیا۔
3 نومبر 1990 میں پیدا ہونے والی ایلسا پیری نے بچپن میں کرکٹ، فٹبال، رگبی، گالف، سارے کھیل کھیلے اور 16 سال کی عمر میں آسٹریلیا کی کرکٹ اور فٹبال دونوں ٹیموں میں منتخب ہوئیں۔
ایلیسا وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ اور فیفا ورلڈکپ دونوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔
فٹبال میں ورلڈکپ کوالیفائر میں اپنی مہارت دکھائی، لیکن پھر ایسا وقت بھی آیا جب کرکٹ اور فٹبال میں سے انہیں ایک کھیل کا انتخاب کرنا پڑا تو پیری نے کرکٹ کا انتخاب کیا۔
آل راؤنڈر ایلیسا آسٹریلیا کی ویمن کرکٹ ورلڈکپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی فاتح ٹیموں کی رکن ہیں، انہوں نے متعدد انفرادی اعزازات بھی اپنے نام کیے ہیں۔
پیری کا مشہور کرکٹ کیریئر مسلسل پھل پھول رہا ہے اور انہیں وسیع پیمانے پر اب تک کی سب سے عظیم خاتون کرکٹر کے طور پر جانا جاتا ہے۔