انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ پر ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کر دیا۔
ارشدیپ سنگھ پر اتوار کو احمد آباد میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل میچ میں آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
بھارتی فاسٹ بولر کو آئی سی سی کے ضابطۂ اخلاق کے آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا ہے، جو بین الاقوامی میچ کے دوران کسی کھلاڑی کی طرف نامناسب یا خطرناک انداز میں گیند (یا کرکٹ کا کوئی اور سامان) پھینکنے سے متعلق ہے۔
یہ واقعہ فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کی اننگز کے دوران 11 ویں اوور میں پیش آیا تھا جب ارشدیپ نے فالو تھرو پر فیلڈنگ کرتے ہوئے جارحانہ اور نامناسب انداز میں گیند پھینکی، جو کیوی بیٹر ڈیرل مچل کے پیڈز پر لگی تھی۔