حریت رہنما و چیئرمین کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز الطاف حسین وانی نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کی پُرامن مزاحمت کو کچلنے کے بھارتی حکومت کے منصوبے کا نوٹس لیا جائے۔
یہ مطالبہ حریت رہنما و چیئرمین کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز الطاف حسین وانی نے جنیوا میں اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 55 ویں اجلاس سے خطاب کے دوران کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مودی نے ایسی جگہ کا دورہ کیا جہاں انصاف اور سچائی تک رسائی بہت دور کی بات ہے۔
الطاف حسین وانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ نام نہاد جمہوریت پسند رہنما کشمیر میں جمہوریت اور عوام کے حقِ خودارادیت کا خاتمہ پسند کرتے ہیں۔
حریت رہنما و ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز امجد یوسف کا خطاب میں کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت کی انتہا پسند پالیسیوں نے کشمیر کا سماجی و سیاسی نظم و نسق تباہ کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالی، نظر بندیاں اور نقل و حرکت پر پابندیاں معمول بن چکی ہیں۔
امجد یوسف کا یہ بھی کہنا ہے کہ کشمیری عوام نے بی جے پی کے تقسیم اور نفرت کے ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔