اسرائیلی فوجی حکام نے گزشتہ روز دعویٰ کیا ہے کہ حماس کی قید میں موجود اسرائیلی فوجی افسر اب زندہ نہیں ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ 22 سالہ کیپٹن ڈینیئل پیریز 7 ویں آرمرڈ بریگیڈ کی 77 ویں بٹالین میں پلاٹون کمانڈر تھا۔
اسرائیلی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ کیپٹن ڈینیئل پیریز کا تعلق جنوبی افریقہ سے تھا لیکن وہ 2014ء میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ اسرائیلی علاقے یاد بن یامین میں آ کر بس گیا تھا۔
اسرائیلی فوجی حکام کے مطابق کیپٹن ڈینیئل پیریز کے اہلِ خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے کہ وہ اب زندہ نہیں ہے تاہم مذکورہ فوجی افسر کی لاش اب بھی حماس کے قبضے میں ہے۔
اسرائیلی فوجی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ کیپٹن ڈینیئل پیریز کی موت کا اعلان خفیہ اداروں کی معلومات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
اس سے قبل اسرائیل کی جانب سے کیپٹن ڈینیئل پیریز کا شمار 253 یرغمالیوں میں کیا جا رہا تھا۔