اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)مسلح افواج کی یوم پاکستان کے موقع پر مشترکہ پریڈ کی تیاریوں کو کل آخری شکل دیدی جائیگی اور 21مارچ کو پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد (شکرپڑیاں) میں فل ڈریس ریہرسل کی جائیگی۔ پریڈ میں پاکستان ائرفورس کا نیا ملٹی رول فضا سے فضا میں مار کرنے والے چینی ساختہ جے10سی طیارہ پہلی بار قوم کے سامنے پیش کیا جائیگا۔ اس سے قبل 23مارچ 2023ءکو مسلح افواج کی مشترکہ یوم پاکستان پریڈ میں دکھانے کا پروگرام تھا مگر وہ پریڈ کفایت شعاری وغیرہ اور دوسری وجوہ کے باعث منسوخ کر دی گئی تھی اسلئے فروری 2022ء میں پاکستان کو نمبر 15سکواڈرن جے10سی کے 25طیاروں کی سپلائی قوم کے سامنے نہیں لائی گئی لیکن ہفتہ 23مارچ 2024ء کی پریڈ میں جے10سی کا جدید ترین چینی ساختہ طیارہ پاکستانی قوم کے سامنے محو پرواز ہو گا۔