غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، جبالیہ میں تازہ ترین اسرائیلی حملے میں 8 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ رفح میں اسرائیلی حملے میں کم از کم 14 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے شفا اسپتال پر حملے میں غزہ کے پولیس چیف میجر جنرل فائق المبوح شہید ہو گئے۔
فائق المبوح غزہ میں خوراک کی منصفانہ تقسیم اور قیامِ امن کے ذمے دار تھے۔
حماس کا کہنا ہے کہ غزہ کے پولیس چیف میجر جنرل فائق المبوح کا قتل غزہ میں قحط برقرار رکھنے کی اسرائیلی کوششوں کا ثبوت ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے غزہ میں اسرائیل کے پیدا کردہ قحط کی فوری روک تھام کی کوششوں کا مطالبہ کر دیا۔
امریکی صدرجو بائیڈن نے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو سے ٹیلی فون کال میں ایک بار پھر رفح میں زمینی آپریشن پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب دوحہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان بلواسطہ مذاکرات شروع ہوگئے۔
اس ضمن میں اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے سربراہ کی سربراہی میں وفد نےقطری مصری ثالثوں سے ملاقات کی ہے۔
یہ مذاکرات 2 ہفتےتک جاری رہ سکتے ہیں۔
غزہ میں جنگ بندی کی تازہ کوششیں ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب غزہ پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ میں اب تک 31 ہزار 726 فلسطینی شہید اور 73 ہزار 792 زخمی ہو چکے ہیں۔