اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا، اس حوالے سے ملک بھر میں تقریبات منعقد کی گئیں، اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ، شاندار عسکری مظاہرے، سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان مہمان خصوصی تھے، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراوٴنڈ میں ہوئی، جہاں مسلح افواج کے دستوں نے اپنی بھرپور عسکری قوت اور نظم کا مظاہرہ کیا۔مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے گھن گرج کیساتھ شاندار فلائی پاسٹ کیا، جبکہ ایس ایس جی کے کمانڈوز نے میدان لوٹ لیا اور اپنے روایتی اللہ و اکبر کے نعروں سے حاضریں کا خون گرمایا۔ افواج پاکستان کی پریڈ کے مہمان خصوصی صدرآصف علی زرداری تھے جبکہ سعودی عرب کے وزیر دفاع سمیت غیر ملکی مہمان بھی شریک ہوئے۔تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء اور آرمی چیف جنرل عاصم منیرسمیت مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔اسکے علاوہ وفاقی وزرا ارکان اسمبلی اور پاکستان میں غیرملکی سفرا شریک ہوئے۔ پاک فوج کے مختلف یونٹوں کے دستوں نے سلامی پیش کی۔ پاکستان آرمی پاک فضائیہ پاکستان نیوی ایف سی پنجاب پولیس سروسز میں خواتین کے خصوصی دستے اور بینڈز نے مارچ پاسٹ کیا۔چین اور برادر پڑوسی ملک چین اور آزربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل ہیں۔دفاع کے شعبہ میں پاکستان کی ترقی اور جدید اسلحہ کی نمائش کی گئی۔ جدید الخالد ٹینک غوری ون اور غوری ٹو میزائل شاہین میزائل جدید ریڈار سسٹم دفاعی نظام ڈرون کا مارچ پاسٹ کیا گیا۔ مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر شامل تھے، فلائی پاسٹ میں ونگ کمانڈر حسن صدیقی کی قیادت میں ایف 16 لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ کیا۔ فلائی پاسٹ میں ایف 7 پی جی چیتا اور جے 10 سی، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی، جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ پیش کیا۔