ابوظہبی(اے پی پی)متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے نے یوم پاکستان کی مناسبت سے ہفتہ کو یہاں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد بشمول خواتین اور بچوں کے ساتھ ساتھ سفارت خانے کے حکام نے بھی شرکت کی۔ سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق تقریب کا افتتاح پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کی جانب سے پرچم کشائی اور قومی ترانہ بجا کر کیا گیا۔اس موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کے قومی دن کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔پاکستانی طلباء کے ایک گروپ نے جوش اور جذبے سے ملی نغمہ پیش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کو یاد کیا جس کے نتیجے میں پاکستان کو آزادی ملی۔ انہوں نے معاشی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کو مستحکم بنانے کے لیے معاشرے میں اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔