امداد کے لیے اسرائیل نے امریکا کو غزہ میں عالمی قوانین کی پاسداری کی تحریری یقین دہانیاں کرا دیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ڈیموکریٹک سینیٹرز نے صدر جوبائیڈن پر اسرائیلی یقین دہانیاں مسترد کرنے پر زور دے دیا ہے۔
اس حوالے سے کرس وین ہولن، ڈک ڈربن، الزبتھ ویرن سمیت 17 سینیٹرز نے امریکی محکمۂ خارجہ سے کہا ہے کہ وہ غزہ میں امداد کے بہاؤ میں اسرائیلی رکاوٹوں کے پیش نظر اسرائیل کی کسی بھی یقین دہانی کو مسترد کر دے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمۂ خارجہ اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ آیا غزہ میں اسرائیل کی کارروائیاں جنگی قوانین کی پیروی کرتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے لیے امریکی امداد غزہ میں عالمی قوانین کی پاسداری سے مشروط ہے۔
دوسری جانب تازہ واقعے میں غزہ میں بھوک و افلاس کے شکار مزید 19 فلسطینی شہری اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آٹے کے تھیلوں کا انتظار کرنے والوں پر اسرائیلی ٹینکوں نے مشین گن سے فائرنگ کی۔