لاہور (صابر شاہ) پاکستان کے جی 30 اسکولز کلب کی رکنیت سے محروم ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کے بیٹوں کے دوبارہ داخلے اور اسکول کی ٹیوشن فیس معاف کرنے کے تنازع میں الجھ کر ایچی سن کالج لاہور کے 137 سالوں میں 18 ویں پرنسپل اور آزادی کے بعد سے اس ادارے کے پہلے غیر ملکی سربراہ مائیکل تھامسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
جنگ گروپ اور جیو نیوز نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل مائیکل تھامسن کے ترجمان نے کہا کہ پرنسپل نے اپنے 25 مارچ 2024 کے خط میں کہا ہے کہ وہ یکم اپریل کو روانہ ہوں گے اور آئندہ داخلوں کے انتظام میں کوئی کردار ادا نہیں کریں گے۔
انہیں صرف اس بات کا افسوس ہے کہ وہ اس باوقار جی 30 ا سکولز کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکیں گے، جو اسکول کی جانب سے اگلے ماہ برطانیہ میں منعقد ہونے والی ہے لہٰذا اسکول اپنی رکنیت کھو سکتا ہے اگر اس وقت تک اجلاس میں شرکت کیلئے کوئی ان کی جگہ نہیں لے لیتا۔
ایچی سن کالج لاہور 15 ممالک کے 30 تعلیمی اداروں میں سے واحد پاکستانی اسکول ہے جس نے جی 30 ا سکولز کلب کی رکنیت حاصل کی ہے جہاں دعوت نامہ اور موجودہ اراکین کے ووٹ کے ذریعے داخلہ دیا جاتا ہے۔
پرنسپل تھامسن کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ سیکڑوں والدین اس نامور آسٹریلوی ماہر تعلیم تھامسن کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے (آج) منگل کو گورنر ہاؤس لاہور کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے والے ہیں۔