اسلام آباد (صالح ظافر) نوری کے معروف آنکولوجسٹ ڈاکٹر محمد فہیم نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کینسر کے تقریباً 80 فیصد کیسز سے نمٹ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے آنکولوجی میں تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دنیا بھر کے ماہرین پر زور دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں۔ پاکستان سوسائٹی آف کلینیکل آنکولوجی کی 25ویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سستی قیمتوں پر اعلیٰ معیار کی ادویات کی تیاری کو ترجیح دینے والی ادویہ ساز کمپنیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ تین روزہ تقریب علم کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کررہا ہے جس میں پاکستان اور بیرون ملک کے ممتاز مقررین شامل ہیں۔ پاکستان سوسائٹی آف کلینیکل آنکولوجی، ایک رجسٹرڈ ادارہ جو کہ پورے پاکستان میں آنکولوجسٹ کی نمائندگی کرتا ہے، نے پاکستان سوسائٹی آف کلینیکل آنکولوجی نے سلور جوبلی کانفرنس کا اہتمام اے ای سی ایچ نوری، سی ایم ایچ راولپنڈی اور شفا انٹرنیشنل اسپتال کی مشترکا کاوشوں سے کیا۔ چیئرمین پی اے ای سی نے مختلف فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی نمائش کا بھی افتتاح کیا۔