ٹوکیو( جنگ نیوز ) صدر پاکستان کی جانب سے سینئر صحافی و کالم نگار محمد عرفان صدیقی کے لیے صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی تمغہ خدمت ان کی صحافت کے شعبے میں بیس سالہ خدمات کا ثمر ہے ، یہ بات جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے ٹوکیو میں سفارتخانہ پاکستان میں سول ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، سفیر پاکستان نے کہا کہ عرفان صدیقی نے جاپان میں پاکستان کے امیج کے بہتر بنانے میں اپنی صحافت کے زریعے بہترین کردار ادا کیا ہے بلکہ پاکستان اور جاپان دوستی کے فروغ میں بھی ان کا صحافیانا ہ کردار قابل تعریف ہے ، سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی پاک جاپان دوستی اور تعلقات پر سات کتابیں تحریر کرچکے ہیں یہ بھی جاپان میں پوری پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعث اعزاز ہے کہ جاپان میں رہائش پذیر پاکستانی صحافی کی خدمات کو ریاست پاکستان نے تسلیم کیا ہے اور صدارتی ایوارڈ کا مستحق ٹہرایا ہے، سفیر پاکستان نے عرفان صدیقی کو مبارکباد پیش کی اور توقع ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان اور جاپان دوستی کے لیے اپنی خدمات اسی طرح برقرار رکھیں گے ۔