• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ادکارہ ادیتی راؤ کا شادی سے انکار، منگنی کس سے ہوئی؟

ـــ فائل فوٹو
ـــ فائل فوٹو

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ادیتی راؤ حیدری نے اپنی شادی کے بارے میں بھارتی میڈیا پر گردش کرتی خبروں کی تردید کرتے ہوئے منگنی کی تصدیق کردی۔

بھارتی میڈیا پر ادیتی راؤ حیدری کے بارے میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اُنہوں نے اداکار سدھارتھ سورینارائن سے شادی کرلی ہے۔

تاہم، اب بھارتی اداکارہ نے خود فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شادی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو یہ خوشخبری سنائی ہے کہ اُنہوں نے منگنی کرلی ہے۔

انہوں نے سدھارتھ سورینارائن کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ان دونوں کو منگنی کی انگوٹھیاں پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔

ادیتی راؤ حیدری نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئےکیپشن میں لکھا کہ’سدہارتھ نے ہاں کر دی ہے‘۔

ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ کی شادی کی خبر اس وقت سامنے آئی جب گزشتہ روز نیٹ فلکس سیریز ’ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار‘ کی ریلیز کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران میزبان نے ادیتی راؤ حیدری کی عدم موجودگی کی وجہ بتائی۔

گزشتہ روز سنجے لیلیٰ بھنسالی کی ہدایت کردہ نیٹ فلکس سیریز ’ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کرنے کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں ادیتی راؤ حیدری نے شرکت نہیں کی۔

اداکارہ کی غیر موجودگی پر میڈیا نے جب سوالات کئے تو میزبان سچن کمبھار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ادیتی راؤ حیدری اپنی شادی کی تقریبات میں مصروف ہیں اس لیے اس تقریب میں شرکت کرنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اداکارہ اور اداکار سدھارتھ کے ساتھ تلنگانہ کے رنگناتھ سوامی مندر میں اپنے اہلخانہ اور قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ نوبیاہتا جوڑا جلد ہی اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کرے گا۔ فی الحال ان کی شادی کی کوئی تصاویر منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ان دونوں کی دوسری شادی ہے، ادیتی راؤحیدری کی پہلی شادی اداکار ستیہ دیپ مشرا کے ساتھ ہوئی تھی۔ دونوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا تھا لیکن بعدازاں ان کی علیحدگی ہوگئی تھی۔

دوسری جانب سدھارتھ نے سال 2003 میں میگھنا نارائن سے پہلی شادی کی تھی، اُن کی شادی بھی طویل عرصے تک نہیں چل سکی اور سال 2007 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ نے سال 2021 میں تامل تیلگو فلم ’مہا سمندرم‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا اور اسی فلم کے بعد ان دونوں کے درمیان رومانوی تعلقات قائم ہوئے تھے۔

سدھارتھ اور ادیتی راؤ حیدری نے کچھ عرصے تک اپنے تعلقات کو خفیہ رکھا تھا۔ 

تاہم، بعدازاں جوڑے کو اکثر فلمی پریمیئرز، ایوارڈ شوز اور پرائیویٹ پارٹیز میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید