• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں ای مارکنگ اور گریڈنگ نظام اگلے سال سے شروع ہوگا

کراچی(سید محمد عسکری) سندھ کے تعلیمی بورڈز میں امتحانی کاپیاں جانچنے کا دستی نظام ختم کرکے ای مارکنگ اور مکمل اوپٹیکل مارک رکگنیشن (او ایم آر)کا آغاز 2025کے سالانہ امتحانات سے کیا جائیگا اور اسی سال سے نویں اور گیارویں سے نمبروں کے بجائے گریڈنگ سسٹم بھی متعارف کرادیا جائیگا۔ اس بات کی منظوری سیکریٹری محکمہ بورڈز و جامعات کی سربراہی میں میں ہونیوالے چیئرمین بورڈز کے اجلاس میں دی گئی اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر افشاں رباب نے بھی شرکت کی اجلاس میں طے کیا گیا کہ تجرباتی طور پر ای مارکنگ اور او ایم آر کا آغاز 2024 کے ضمنی امتحانات میں ہوگا کیونکہ ضمنی امتحانات میں امیدواروں کی تعداد کم ہوتی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ای مارکنگ میں ممتحن کو پوری کاپی چانچنے کے بجائے ایک سوال جانچنے دیا جائیگا جس میں امیدوار کو گریڈنگ کے مطابق مارکنگ کرنی ہوگی کہ وہ مکمل مطمئن ہے، نصف حد تک یا کسی حد تک یا مطمئن نہیں ہے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ تعلیمی بورڈز کی ویب سائٹس پر OMR اور E-Marking کے بارے میں طلبہ اور اساتذہ کی آگاہی کیلئے اردو اور سندھی زبانوں کی ویڈیو شیئر کی جائے گی اور بورڈز کی ویب سائٹس اور تعلیمی گروپس میں پھیلائی جا ئیگی۔ اجلاس کے بعد سندھ کے تعلیمی بورڈ کا اجلاس کمیٹی آف چیئرمین ڈاکٹر نسیم میمن کی سربراہی میں ہوا جس میں صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی پر عدم اعتماد کرتے ہوئے کہا گیا کہ اراکین کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ امتحانات کی تاریخ اور نتائج کے اجراء کے حوالے سے بورڈز کی بات سنی ہی نہیں جاتی اور امتحانات مئی اور جون میں لنے کی تاریخ دی جاتی جب کہ امتحانات لینے کہ زمہ دار بورڈز ہیں چناچہ تعلیمی بورڈز کی اپنی اسٹیرنگ کمیٹی قائم کی جائے جو میٹرک کے امتحانات مارچ میں اور انٹر کے اپریل میں لے تاکہ نتائج میں تاخیر نہ ہو اور وہ جولائی تک جاری کردیئے جائیں۔

ملک بھر سے سے مزید