وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نواز شریف کسان کارڈ کی منظوری دے دی۔
لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی زیرِ صدارت زرعی اصلاحات پر منعقدہ اجلاس میں نواز شریف کسان کارڈ کی منظوری دی۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق نواز شریف کسان کارڈ کے ذریعے 5 لاکھ چھوٹے کاشت کاروں کو آسان شرائط پر ایک سال میں 150 ارب روپے کا قرضہ دیا جائے گا، بہترین بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات کی خریداری کے لیے 30 ہزار فی ایکڑ قرض دیا جائے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کسان کارڈ کے ذریعے مختلف اقسام کی سبسڈی بھی دی جائے گی، پنجاب بھر میں نجی شعبے کے اشتراک سے ماڈل ایگریکلچر سینٹرز بنائے جائیں گے۔
اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پہلے فیز میں ہر ضلع میں ایک ماڈل ایگریکلچر سینٹر بنے گا، کاشت کاروں کو جعلی کھاد اور ادویات سے چھٹکارا ملے گا۔
انہوں نے ایگریکلچر ڈپارٹمنٹ کو ہر فصل کی پیداوار اور ڈیمانڈ کا مکمل ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاٹن، گندم، چاول کی فصل پر ریسرچ اور ڈیولپمنٹ کے لیے سینٹر آف ایکسیلنس بنانے کی منظوری بھی دی۔
اجلاس میں چین کے تعاون سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 2 ارب روپے سے ریسرچ سینٹر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق سینٹر میں جینوم سینٹر، جرم پلازم ریسورس، اسپیڈ بریڈنگ، کلائیمٹ چینج پر ریسرچ کی سہولت ہو گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جعلی زرعی ادویات اور کھاد کی فروخت روکنے کے لیے ایکٹ میں ترامیم کی جائیں گی۔
اجلاس میں پنجاب سیڈ کارپوریشن اور پنجاب ایگری ریسرچ بورڈ کی تشکیلِ نو اور زرعی زمین کو رہائشی مقاصد کے استعمال سے روکنے کے لیے قانون کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس میں ایگریکلچرل ایکسٹینشن ونگ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنےاور ایگریکلچرل ایکسٹینشن ونگ میں 500 ایگریکلچر گریجویٹس کی بھرتی پر اتفاق بھی کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسانوں کو 2 سال میں 7 ارب روپے لاگت سے 24800 جدید ترین زرعی آلات دیں گے۔