امریکا یورپ برطانیہ میں ’یوم سر زمین فلسطین‘ منایا گیا۔ یوم فلسطین پر کئی امریکی ریاستوں میں مظاہرے کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق یوم سر زمین فلسطین کے موقع پر امریکی ریاستوں نیویارک، واشنگٹن، پینسلوانیا، نارتھ کیرولینا، ٹیکساس سمیت کئی شہروں جن میں لاس اینجلس اور بوسٹن شامل ہیں مظاہرے کرنے کے ساتھ فلسطینیوں سے یک جہتی کا اظہار کیا گیا۔
ادھر یورپ میں متعدد ملکوں میں بھی یوم ارض فلسطین پر احتجاج کیا گیا۔ ڈنمارک، جرمنی، فرانس، نیدر لینڈز اور برطانیہ میں بھی لاکھوں افراد نے یوم فلسطین کے موقع پر ہونے والے مظاہروں میں شرکت کی۔
یاد رہے کہ سنہ 1976 میں اسرائیلی فورسز نے 48 فلسطینی علاقوں میں ہزاروں ایکڑ زمین پرقبضہ کرلیا تھا۔ واضح رہے کہ یوم سر زمین فلسطین 1976 سے ہر سال 30 مارچ کو منایا جاتا ہے۔
غزہ جنگ کی وجہ سے یوم سرزمین فلسطین پر دنیا بھر میں بڑے بڑے مظاہرے ہوئے۔ اسرائیل میں بھی یوم ارض فلسطین پر بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔ اسرائیل کی یوم ارض فلسطین ریلی میں اسرائیلی عرب اور یہودیوں نے بھی شرکت کی۔