اسلام آباد (صالح ظافر) اماراتی سفیر پاکستان کے پسے ہوئے طبقات کو امداد فراہمی کیلئے سرگرم ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی یتیموں سمیت معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کو امداد فراہمی کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے مشن نے یاد دلایا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں صدقہ اور ہمدردی کے اعمال کی خصوصیت کے ساتھ پاکستان میں کام کر نے والی اماراتی کمپنی ’آئی ایف ایف سی او‘ کے تعاون سے سفارتخانے نے ایک بامعنی اقدام شروع کیا ہے۔ سماجی ذمہ داری اور سماجی بہبود کے لیے اپنی وابستگی کے لیے جانے جانے والی آئی ایف ایف سی او نے معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کے لیے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے ساتھ ہاتھ ملالیا ہے۔ سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی اور سفارت خانے کے دیگر سفارت کار مختلف مقامات پر ضرورت مندوں میں راشن کی تقسیم میں حصہ لے رہے ہیں۔