• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ: سینیٹ انتخاب، پی پی 10 نشستوں پر کامیاب، ایم کیو ایم اور آزاد امیدوار ایک ایک نشست پر کامیاب

سندھ اسمبلی—فائل فوٹو
سندھ اسمبلی—فائل فوٹو

سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی 12 نشستوں میں سے 10 نشستوں پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔ انتخاب میں ایک نشست پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔ 

سندھ اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا، جہاں پولنگ کا عمل صبح 9 نبجے سے شام 4 بجے تک بلاتعطل جاری رہا۔ 

اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین موجود تھے۔ 

ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللّٰہ نے نتائج کا اعلان کیا۔ 

جنرل نشست پر اشرف علی جتوئی، دوست علی جیسر، کاظم علی شاہ، مسرور احسن، ندیم بھٹو منتخب ہوئے، ان تمام کا کامیاب امیدواروں کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے۔  

جنرل نشست پر ایم کیو ایم پاکستان کے عامر چشتی سینیٹر منتخب ہوئے آزاد امیدوار فیصل واوڈا بھی سندھ اسمبلی سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔ 

خواتین کی نشست پر روبینہ قائم خانی، قراۃ العین مری جبکہ اقلیت کی نشست پر پنجومل بھیل کامیاب ہوکر سینیٹر منتخب ہوگئے۔ ان تمام امیدواروں کا تعلق بھی پیپلز پارٹی سے ہے۔ 

اسی طرح سندھ سے سینیٹ کی ٹیکنوکریٹ نشست پر پیپلز پارٹی کے سرمد علی اور ضمیر گھمرو سینیٹر منتخب ہوگئے۔ 

جماعتِ اسلامی اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین ووٹ کاسٹ کرنے نہیں پہنچے جبکہ جی ڈی اے کے 3 اراکینِ سندھ اسمبلی نے تاحال اپنا حلف نہیں اٹھایا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق سندھ سے سینیٹ کی 12 نشستوں کے لیے 19 امیدوار مدِ مقابل تھے۔

سندھ سے سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر 10 امیدوار مدِمقابل تھے جن میں پیپلز پارٹی کے 5، ایم کیو ایم پاکستان کا 1، تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ 3 امیدوار میدان میں تھے۔ فیصل واؤڈا بطور آزاد امیدوار اس دوڑ میں شامل تھے۔

سندھ سے ٹیکنو کریٹ و علماء کی 2، خواتین کی 2، اقلیتوں کی 1 نشست پر بھی آج انتخاب ہوا۔

قومی خبریں سے مزید