• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیدرلینڈز: عمران قریشی کے فن پاروں کی نمائش، سفیر پاکستان نے افتتاح کیا

سفارت خانہ پاکستان، نید رلینڈز نے پاکستان کے نامو ر پینٹر اور آرٹسٹ عمران قریشی کے فن پاروں کی پہلی نمائش "Scattered yet Together" پلخری اسٹوڈیو میں منعقد کی۔ یہ نمائش جو کہ 23 مارچ کو شروع ہوئی، 14 اپریل 2024 تک جاری رہے گی۔

نمائش کا افتتاح سفیرِ پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ، پلخری اسٹوڈیو کی چیئرپرسن ماریٹا ریجرکیرو اور آرٹسٹ عمران قریشی نے کیا۔

پلخری اسٹوڈیو کی چیئرپرسن ماریٹا ریجرکیرو نے اس افتتاحی تقریب کے موقع پر عمران قریشی کے فن کی تعریف کرتے ہوئے نمائش کے انعقاد پر سفیر سلجوق مستنصر تارڑ کا شکریہ ادا کیا جن کی مسلسل دوسالہ کاوشوں کی بدولت نمائش کا انعقاد ممکن ہوا۔

اس موقع پر عمران قریشی کے ساتھ ایک آرٹسٹ ٹاک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے نمائش کی تیاری اور پاکستان میں عصری آرٹ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ 

انہوں نے علم فنون کی مختلف انواع کا ذکر کیا اور بتایا کہ کس طرح پاکستان سے عصری منی ایچر پینٹنگ ایک عالمی آرٹ کی تحریک بن کر ابھر رہی ہے۔

سلجوق مستنصر تارڑ نے پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان ثقافتی روابط پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے بصری فنکار بھی اپنی تعلیم یا کیریئر کے دوران ڈچ ماسٹرز کے طرزِ فن سے متاثر ہوئے ہیں۔

عمران قریشی نے گفتگو کے دوران بتایا کہ انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں منی ایچر ڈیپارٹمنٹ میں اپنے عہد شمولیت تذکرہ کیا۔  انکے مطابق یہ ادارہ اس وقت منی ایچر پینٹنگ میں گریجویٹ ڈگری کروانے والی چند ایک درسگاہوں میں سے ایک ہے۔ 

انہوں نے نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم میں چھتوں کے کمیشن سمیت بڑے پیمانے کے مختلف منصوبوں کا ذکر کیا اور بتایا کہ کس طرح انہوں نے بڑے پیمانے پر عصری آرٹ کے کام کو تیار کرنے میں روایتی منی ایچر پینٹنگ کی مہارت کا استعمال کیا۔

افتتاحی تقریب میں لوگوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ جس میں نیدرلینڈز کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدے داران، بشمول مسٹر واؤٹر یورخن، ڈائریکٹر برائے ایشیا اور اوشیانا، سفیر ڈیوی فن ڈیر ویرڈ، سفیر برائے بین الاقوامی ثقافتی تعاون، سفیر بی ٹین ٹشر، ڈچ خصوصی ایلچی برائے آزادی مذہب اور عقیدے کی سفیر جوانا روپر، دی ہیگ میں برطانوی سفیر تھامس ڈریو، پاکستان میں سابق برطانوی ہائی کمشنر، Rijksmuseum کے نمائندگان، فنکاروں، اور دی ہیگ میں مختلف گیلریوں اور عجائب گھروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

پلخری اسٹوڈیو ایک ڈچ آرٹ سوسائٹی ہے جو 1847 میں قائم کی گئی اور یہ 1901 سے فعال ہے۔ یہ گیلری مختلف موقعوں پر نمائش کے لیے عوام اور سیاحوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

سفیر پاکستان کے مطابق پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین مضبوط دوستانہ روابط قائم ہیں۔ دونوں ممالک نے گزشتہ سال 2023 میں اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ بھی منائی ہے۔ نمائش "Scattered Yet Together" پاکستانی فن، ثقافت اور ورثہ کو ڈچ قوم میں متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ پبلک ڈ پلومیسی کی ایک روشن مثال بھی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید