کراچی(این این آئی)کراچی اور حیدرآباد میں گیس چوری کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا، ہزاروں کنکشن منقطع‘ چوری کرنے والوں پر گیس لوڈ کے حساب سے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق کراچی کے علاقوں سولجر بازار، رنچھوڑ لائن اور رام سوامی میں بھی چھاپے مارے گئے، جہاں5میٹر ز کے ساتھ مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کی گئی اور3میٹرز غیر رجسٹرڈ گیس (پی یو جی) سے گزارتے ہوئے پائے گئے جہاں گیس استعمال کی جا رہی تھی۔ سی آر ڈی کی ٹیم نے پرانی سبزی منڈی کراچی کے قریب گل حسن ٹائون میں مشترکہ چھاپہ مارا، جہاں سوئی سدرن کی 63ایم ایم پی ای لائن سے3ٹیپنگ پوائنٹس کے ذریعے2500گھروں کو غیر قانونی طور پر گیس فراہم کی جارہی تھی۔ سی آر ڈی کی چھاپہ مار ٹیم نے تمام کنکشن منقطع کر دیئے۔