سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے پاکستانی خواتین کے مقبول ترین گروپ سول سسٹرز پاکستان کو ڈیلیٹ کردیا۔
فرانسیسی خبر ایجنسی سے گفتگو میں گروپ کی بانی کنول احمد نے فیس بک کے اقدام کی تصدیق کی۔
انہوں نے کہا کہ فیس بک نے بدھ کو انہیں خبردار کیا کہ ان کے گروپ پر ایک پوسٹ میں انٹلیکچوئل پراپرٹی قواعد کی خلاف ورزی کی گئی لیکن پوسٹ کی نشاندہی نہیں کی گئی، جس کے بعد گروپ کو ڈیلیٹ کردیا گیا۔
کنول احمد نے مزید کہا کہ تاہم فیس بک نے چند گھنٹوں کے بعد گروپ کو بحال کردیا، 2013 میں قائم گروپ کے3 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔
یہ گروپ خواتین کو قانونی رہنمائی اور باہمی تعاون حاصل کرنے کے لئے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
خواتین کی بڑی تعداد روزمرہ کی بنیاد پر اپنی ذاتی زندگی کی کہانیاں اور مسائل شیئر کرتی ہیں۔
گروپ پر طلاق، گھریلو تشدد، خواتین کو بااختیار بنانے جیسے موضوعات زیر بحث آتے ہیں۔
خواتین اکثر شناخت ظاہر کئے بغیر ایسے موضوعات پر آزادی سے بات کرسکتی ہیں، جن پر انہیں منفی معاشرتی رویوں اور پرتشدد ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔