کراچی(نیوز ڈیسک) سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کویت کے وزیر اعظم شیخ محمد صباح ال سالم الصباح نے گزشتہ روز کویت کے امیر کو اپنی کابینہ کا استعفیٰ پیش کر دیا۔خیال رہے کہ کویتی پارلیمنٹ کے جمعے کو سامنے آنے والے نتائج میں اپوزیشن ارکان نے اکثریت برقرار رکھی ۔ 50 رکنی اسمبلی میں اپوزیشن امیدواروں نے 29 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ، جو گزشتہ سال کے انتخابی نتائج سے مختلف نہیں۔نئی پارلیمنٹ کے خدو خال بڑی حد تک سبکدوش ہونے والی پارلیمنٹ سے ملتے جلتے ہیں جس میں گیارہ ارکان کو چھوڑ کر باقی تمام اپنی نشستیں برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔وزارت اطلاعات کے مطابق انتخابات میں پولنگ کی شرح 62 فیصد رہی ہے۔رائے دہندگان نے قومی اسمبلی کی 18 ویں قانون ساز مدت کےلیے پانچ انتخابی حلقوں سے نمائندوں کا انتخاب کیا۔ انتخابات میں 200 امیدوار میدان میں تھے۔ 123 پولنگ اسٹیشن اسکولوں میں بنائے گئے۔