انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن سکھر اور لاڑکانہ کے کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ روز سے موجود ہیں۔
ان کی موجودگی کے دوران سکھر کے کچے کے علاقے سے 3 ایسے افراد کو اغواء کر لیا گیا ہے جو فصل اترنے پر اپنے مریدوں کے پاس چندہ لینے کے لیے گئے ہوئے تھے، تینوں افراد کے اغواء کی ایک ہی واردات کچے کے علاقے جھلی کلہواڑی میں ہوئی۔
اہلِ خانہ کے مطابق سکھر کے علاقے باگڑجی کے گاؤں حیدر شاہ کے رہائشی جانب شاہ، جاوید شاہ اور ظہور شاہ گندم کی فصل تیار ہونے پر مریدوں کے پاس سالانہ چند وصولی کے لیے گئے تھے کہ جنہیں ڈاکوؤں نے اغواء کر لیا اور ان کی بازیابی کے لیے مبینہ طور پر تاوان طلب کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں آئی جی سندھ کے آمد پر سکھر اور لاڑکانہ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، آئی جی سندھ آپریشن کی صورت حال کا جائزہ لینے کچے کے علاقے میں بھی جائیں گے۔