• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI ارکان کا بائیکاٹ، سینیٹ الیکشن نامنظور کے نعرے

اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل کے سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا۔ایوان بالاکا اجلاس شروع ہوتے ہی پی ٹی آئی ارکان نے شدیداحتجاج کرتے ہوئے چیئرمین ڈائس کا گھیراؤکرلیا اورچوری کا سینیٹ الیکشن نامنظورکرکے نعرے لگائے ۔پی ٹی آئی کے علی ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے سینیٹرز کے بغیریہ ایوان نامکمل ہے ‘چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب غیرآئینی ہے جس کے جواب میں وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ اعتراض کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں‘ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے عدالتی حکم کے باوجود مخصوص ارکان سے حلف نہیں لیا۔منگل کو ایوان میں خطاب کرتے ہوئے سینیٹرعلی ظفرکا کہنا تھا کہجب تک یہ سینیٹ مکمل نہیں ہوتا تب تک کسی قسم کا الیکشن اخلاقی اور قانونی طور پر ناجائز ہوگا‘الیکشن کمیشن ہر وہ اقدام اٹھاتا ہے جو آئینی بحران پیدا کرے‘پی ٹی آئی سینیٹ انتخابات کا حصہ بننا چاہتی تھی لیکن جہاں آئین کے مطابق اجلاس نہ ہو تو ہم اس کا حصہ نہیں بن سکتے۔سینیٹر محسن عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کی ایک اکائی یہاں موجود نہیں تو یہ الیکشن درست نہیں‘خیبرپختونخوا کی نمائندگی کے بغیر انتخابات غیر قانونی ہوں گے‘اگرسینیٹ الیکشن ملتوی ہوجائیں تو کیا قباحت ہے؟۔بعد ازاں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حلف لینے سے پہلے سینیٹرز کو اظہار خیال کی اجازت نہیں ہوتی‘ ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، خیبرپختونخوا میں الیکشن کسی قدرتی آفت پر ملتوی نہیں ہوئے ہیں، وہاں پہ مخصوص نشستوں پر جو ممبر منتخب تھے انہیں حلف لینا تھامگرایسانہیں ہوا‘اسی پر الیکشن کمیشن نے حلف نا ہونے کی وجہ سے ہی انتخابات ملتوی کیے۔

اہم خبریں سے مزید