نیویارک(صباح نیوز)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے بارے میں اپنی قرارداد پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔
مشرق وسطی کی صورتحال پر ویٹو کا حق استعمال کرنے کے بارے میں جنرل اسمبلی میں ہونے والے مباحثے کے دوران عالمی ادارے میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی عائد کرے اور قابض اسرائیلی حکام کو فلسطینیوں کے خلاف ان کے جرائم کا ذمہ دار ٹھہرائے۔
پاکستانی مندوب نے فلسطین کو اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت دینے کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
غزہ میں جنگ بندی سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستانی سفیر منیر اکرم نے اسرائیل کی جانب سے عالمی ادارے کی قرارداد پر عملدرآمد نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔