ٹیکنالوجی نے ناصرف فاصلوں کو مٹا دیا ہے بلکہ اس نے اینٹ اور گارے سے بنی چار دیواری کی حدود کو بھی مٹا دیا ہے۔ اگر شعبہ تعلیم کی بات کریں اور خصوصاً پروفیشنل تعلیم کی تو آن لائن تعلیم روز بہ روز پذیرائی حاصل کررہی ہے اور کورونا وبائی مرض کے بعد اس رجحان میں مزید تیزی دیکھی گئی ہے۔
آن لائن تعلیم کا ایک فائدہ یہ ہے کہ آپ اپنی سہولت کے مطابق، کہیں بھی داخلہ لے سکتے ہیں، جس میں آپ جگہ اور وقت کی قید سے آزاد ہوتے ہیں۔ مثلاً، آپ پاکستان میں بیٹھے دنیا کے بہترین تعلیمی اداروں سے اپنی سہولت اور دستیاب وقت کے مطابق آن لائن تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔
اسی طرح اگر آپ تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ ہیں اور سول انجینئرنگ اور آرکیٹیکچر کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہاں ہیں تو آپ کے لیے بھی کئی دلچسپ اور معلومات سے بھرپور آن لائن بالکل مفت کورسز دستیاب ہیں، جن کی تفصیل ذیل میں دی جارہی ہے۔
دی آرٹ آف اسٹرکچرل انجینئرنگ: والٹس
اسٹرکچرل انجینئرنگ کا یہ معلومات سے بھرپور کورس ایک نامور یونیورسٹی نے تیار کیا ہے۔ اس کورس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ناصرف آن لائن دستیا ب ہے بلکہ ساتھ ہی بالکل مفت بھی ہے۔ اس انجینئرنگ کورس میں گنبدوں کا جائزہ لینا سکھایا جاتا ہے۔ یہ کورس سیکھ کر آپ کو اندازہ ہوتا ہے کہ انجینئرنگ کس قدر ایک زبردست تخلیقی شعبہ ہے۔
پیرامیٹرک ڈیزائن اینڈ آپٹیمائزیشن
یہ کورس اسٹینفورڈ اسکول آف انجینئرنگ نے تیار کیا ہے۔ یہ ایک آن لائن اور بالکل مفت کورس ہے، جس میں پیرامیٹرک ماڈلنگ اور کمپیوٹیشنل ڈیزائن کی تکنیک سکھائی جاتی ہے۔ مزید برآں، اس کورس میں ٹولز کو ڈیزائن آپٹیمائزیشن کے لیے فاؤنڈیشن کے طور پر استعمال کرنا بھی سکھایا جاتا ہے۔
آرکیٹیکچرل کنسٹرکشن سسٹمز
آرکیٹیکچرل کنسٹرکشن سسٹمز کا یہ بالکل مفت اور زبردست کورس، آن لائن تعلیم دینے والی ایک بین الاقوامی طور پر معروف ویب سائٹ ’’اُڈیمی ڈاٹ کام‘‘پر دستیاب ہے۔ اس کورس کے ذریعے آپ یہ سیکھ سکتے ہیں کہ لکڑی، دھات اور کنکریٹ سے کی جانے والی تعمیرات کا خاکہ اور ڈیزائن کس طرح بنایا جاتا ہے۔
اس کورس میں وہ لوگ خود کو اِنرول کرسکتے ہیں، جو آرکیٹیکچر سے متعلق پہلے سے تھوڑی بہت معلومات رکھتے ہیں اور خاکہ بنانے کی بنیادی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ ’’اُڈیمی ڈاکٹ کام‘‘آن لائن کورس پیش کرنے والی دنیا کی چند بڑی ویب سائٹس میں سے ایک ہے، جس کے کورسز کو دنیا بھر میں مانا جاتا ہے۔
اِنٹروڈکشن ٹو کائنیٹک فیکیڈز
یہ کورس ’ای ڈی ایس گلوبل‘‘کی جانب سے پیش کیا جاتا ہے۔ یہ شعبہ آرکیٹیکچر کا ایک بنیادی کورس ہے، جس میں اِنرول ہونے کے لیے کسی پیشگی قابلیت کی شرط نہیں ہے۔ کورس میں بنیادی طور پر عمارت کے Facadeیعنی سامنے کے حصے یا اگواڑے کے ڈیزائن کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔
ہوم آٹومیشن فار بِگنرز: کریئیٹ یور اون اسمارٹ ہوم
جیرارڈ او ڈیریسکول کی جانب سے تیار کردہ یہ ایک اور زبردست کورس ہے، جس میں آپ کو ئی پیسہ ضایع کیے بغیر الف سے ی تک اسمارٹ ہوم آٹومیشن سسٹم نصب کرنا سیکھتے ہیں۔ اس کورس میں اِنرول ہونے کے لیے آپ کو اسمارٹ ہوم ٹیکنالوجیز کا پیشگی علم ہونا ضروری نہیں ہے اور نا ہی آپ کے پاس اسمارٹ ہوم ٹولز اور ایکوئمپنٹ کا ہونا کوئی شرط ہے۔
تاہم اس کورس کے اختتام پر آپ اپنے گھر میں اسمارٹ ڈیوائسز نصب کرنے کے قابل ہوجائیں گےاور انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT)کے ذریعے ایک دوسرے کو پیغامات بھیج اور وصول کرسکیں گے۔
فنڈامینٹلز آف اسٹرکچرل اینالیسز
ڈاکٹر سین کیرول کی جانب سے اسٹرکچرل انجینئرنگ اور آرکیٹیکچر کے موضوع پر تیار کردہ یہ ایک انتہائی مؤثر کورس ہے۔ اس کورس کے ذریعے آپ سول انجینئرنگ کا ڈھانچہ جاتی تجزیہ کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔ اس کورس میں اِنرول ہونے کے لیے کوئی پیشگی قابلیت کی شرط نہیں ہے، تاہم یہ بہتر رہے گا اگر آپ بنیادی ہائی اسکول الجبرا اور جیومیٹری کا علم رکھتے ہیں، جس سے آپ کو سول انجینئرنگ کے کانسیپٹس سمجھنے میں آسانی ہوگی۔ اور ہاں، آپ کے پاس ایک پنسل، کاپی اور کیلکولیٹر اور اس کورس کے لیے چند گھنٹوں کا وقت ہونا لازمی ہے۔
انٹروڈکشن ٹو اسٹرکچرل اسٹیل ڈیزائن
یہ آن لائن کورس ایڈم بریٹان کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کورس کے اختتام پر آپ کو ڈھانچہ جاتی اسٹیل (اسٹرکچرل اسٹیل) کی بنیادی خصوصیات اور ڈیزائن کا جامع علم ہوجائے گا۔یہ بہتر ہوگا اگر یہ کورس لینے سے پہلے آپ بنیادی انجینئرنگ کا علم حاصل کرلیں، تاہم یہ شرط نہیں ہے۔
ڈیزائن آف برجز: کانسیپٹ، ماڈلنگ، اینالیسس، اینڈ ڈیزائن
پلوں کی تعمیر ایک خاص قسم کی تعمیرات کے زمرے میں آتی ہے، جس پر عبور حاصل کرنے کے لیے یہ کورس تیار کیا گیا ہے۔ اس کورس کے اختتام پر آپ کو بین الاقوامی کوڈز اور معیار کے مطابق پُل تعمیر کرنے کی مکمل الف، ب معلوم ہوجائے گی اور آپ کو یہ بھی معلوم ہوجائے گا کہ مختلف مقاصد کے لیے پل کس طرح تعمیر کیے جاتے ہیں اور ان پر وزن کس طرح منتقل کیا جاتا ہے۔
لرن ٹو ریڈ اسٹرکچرل ڈرائنگز: فرام زیرو ٹو ہیرو
یہ ایک اور مفت آن لائن کورس دستیاب ہے جسے گوکل سعود نے زبردست محنت سے تیار کیا ہے۔ یہ کورس مکمل کرنے کے بعد آپ سول انجینئرنگ اسٹرکچرل ڈرائنگز کو پڑھنے اور سمجھنے کے قابل ہوجائیں گے۔ یہ کورس نئے انجینئرنگ گریجویٹس، آرکیٹیکٹس اور اسٹرکچرل انجینئرز کے لیے کارآمد رہے گا، جس کے بعد وہ تعمیراتی پراجیکٹس پلان اور ایگزیکیوٹ کرنے اور سائٹ پر ری انفورسمنٹ کو جانچنے کی صلاحیت حاصل کرلیں گے۔