کوئٹہ(پ ر)لورالائی کے ممتاز قبائلی رہنما سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر عطاگل حمزہ زئی نے کہا ہے کہ دشمن ممالک کی پاکستان کیخلاف سازشیں ناکام ہوں گی۔ پاکستان واحد اسلامی ایٹمی قوت ہے ، ہمیں اپنے ملک کی تعمیر وترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حمزہ ہائوس لورالائی میں قبائلی عمائدین، کارکنوں، طلباء و دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی۔ ڈاکٹر عطاء گل حمزہ زئی نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں ۔پاکستانی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے۔ملک میں حالیہ دہشت گردی کی وارداتوں میں بھارت ملوث ہے جو نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے لیکن یہ اس کی بھول ہے پوری قوم اپنی افواج کیساتھ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عید ہمارا مذہبی تہوارجو امن کا درس دیتا ہے ہم قومی مذہبی تہوار جوش و خروش سے مناتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لورلائی کے عوام کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے ۔ عوام کی خدمت کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔