کراچی(نیوز ڈیسک)اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کو روکا جائے ، ورنہ بہت دیر ہوجائے گی اور وقت ہاتھ سے نکل گیا تو حالات پر قابو پانا مشکل ہوجائے گا۔ہ ایران نے ایک بار پھر اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے حملہ کیا تو تہران پوری قوت سے جوابی کارروائی کرے گا اور چند سیکنڈز میں اسرائیل کو جواب دے گا۔یسرائیل کاٹز نے 32 ممالک پر زور دیا کہ وہ پاسداران انقلاب اور ایرانی میزائل پروگرام پر پابندیاں لگائیں اور پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیں۔انہوں نے گزشتہ روز ایکس سوشل پلیٹ فارم پر ایک ٹویٹ میں زور دیاکہ ان کا ملک ایران پر سیاسی حملے کی قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی میزائل پروگرام پر پابندیاں عائد کرنا اور پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا ایران پر سیاسی حملہ کرنا ہے۔اس سے ایران کی سرحد پار دہشت گردی کی کارروائیوں کو کمزور کرنے میں مدد ملے گی۔اسرائیلی وزیرخارجہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب اسرائیلی جنگی کونسل نے ایرانی حملے کا جواب دینے کیلئے تیسری بار اجلاس طلب کرلیا ہے تاہم اب تک تہران کیخلاف جوابی حملے کا تعین نہیں ہوسکا ہے ۔