• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائفر کیس، FIA کو دلائل کیلئے لمبا وقت چاہئے تو سزا معطل کردیتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بنچ نےسائفر کیس میں سزا کیخلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر حامد شاہ کوآج دلائل کیلئے طلب کر لیا۔ اسپیشل پراسکیوٹر نے کہا کہ مجھے تین چار دن چاہئیں، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نےکہا کہ اگر ایف آئی اے کو دلائل کیلئے لمبا وقت چاہئے تو سزا معطل کر دیتے ہیں، آپ نے تین دن مانگے تھے، 9دن تو انہوں نے دلائل دئیے بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ دو دفعہ کیس ریمانڈ بیک کر چکی، ہم بہت متاثر ہوئے، ہمیں ٹرائل کورٹ نے جرح کا موقع،حق دفاع نہیں دیا، اگر کیس ریمانڈ بیک ہو جاتا ہے تو اس کے گراؤنڈز واضح ہونے چاہئیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہم نے آپ کو میرٹ پر سن لیا، آپ کیوں ایسا سوچ رہے کہ کیس ریمانڈ بیک ہو گا۔بیرسٹر سلمان نے کہا کہ استغاثہ کے چار گواہوں کے مطابق سائفر کی کاپی اعظم خان کو دی گئی، سائفر کاپی وزیراعظم کو سپرد ہوئی ہی نہیں، جس کے سپرد ہوئی اس کو گواہ بنا دیا، ملزم کو گواہ بنا کر خود اپنا کیس خراب کیا۔
اہم خبریں سے مزید