بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کو ختم کردینگے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کے بعد وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے اداکار سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے سلمان خان اور ان کی فیملی کو تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا کہنا تھا کہ سلمان خان کو بتایا کہ حکومت آپ کے ساتھ ہے۔
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ہم کیس کی جڑ تک پہنچیں گے اور کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی گینگ یا گینگ وار کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہم لارنس بشنوئی کو ختم کر دیں گے۔
واضح رہے کہ 2018ء میں پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کرنے والے گینگ کے سرغنہ لارنس بشنوئی کی جانب سے سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی مگر سلمان خان اس منصوبے سے بچ نکلے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو علی الصبح سلمان خان کے گھر کے باہر موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے فائرنگ کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے۔