• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینی فوٹو جرنلسٹ معتز عزیزہ ٹائم میگزین کی 100 با اثر شخصیات میں شامل

فلسطینی فوٹو جرنلسٹ معتز عزیزہ ـــ فائل فوٹو
فلسطینی فوٹو جرنلسٹ معتز عزیزہ ـــ فائل فوٹو

غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو دنیا کے سامنے لانے والے فلسطینی فوٹو جرنلسٹ معتز عزیزہ ٹائم میگزین کی 100 بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

ٹائم میگزین نے اپنی اس فہرست میں’بااثر شخصیات‘ کے ناموں کو 6 زمروں کے تحت شامل کیا ہے۔

معتز عزیزہ کے بارے میں ٹائم میگزین نے لکھا ہے کہ’108 دنوں تک معتز عزیزہ نے اپنے آبائی علاقے غزہ میں دنیا کی آنکھ اور کان بن کر کام کیا‘۔

ٹائم میگزین نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’غزہ سے انخلاء کے بعد اب معتز عزیزہ کی جدوجہد فلسطینیوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور انہیں اسرائیلی مظالم سے آزادی دلانے کے لیے بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کرنے کی طرف بڑھ گئی ہے‘۔

معتز عزیزہ نے اقوامِ عالم کی توجہ اس وقت حاصل کی جب وہ غزہ میں جاری جنگ کے دوران غیر ملکی صحافیوں کو غزہ تک رسائی حاصل نہ ہونے پر فرنٹ لائن پر آنے کے لیے مجبور ہوئے اور اپنے کیمرے کی آنکھ سے اسرائیلی بربریت کو دنیا کے سامنے لائے۔

انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر غزہ میں جاری جنگ کے دوران جو تصاویر اور ویڈیوز بنا کر شیئر کیں، ان میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح اسرائیلی جارحیت نے روشنیوں اور خوشیوں سے بھرپور شہروں کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا اور ہزاروں معصوم لوگوں کو شہید کر دیا۔

معتز عزیزہ رواں سال جنوری میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کی وجہ سے غزہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے تھے اور اب وہ قطر کے شہر دوحہ میں مقیم ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید