بھارتی معروف اداکارہ و فٹنس ماہر شلپا شیٹی کے شوہر، معروف تاجر راج کندرا کی تقریباً 100 کروڑ مالیت کی جائیداد ضبط ہونے کے بعد معنی خیز پوسٹ سامنے آگئی۔
راج کندرا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اس معاملے پر دبے الفاظ میں اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے اپنی انسٹااسٹوری میں ایک دھاڑتے ہوئے شیر کی تصویر شیئر کی ہے جس پر ایک معنی خیز پیغام بھی درج ہے۔
تصویر پر درج اس پیغام میں لکھا ہوا ہے، آپ ایک ایسے وقت میں پُر سکون رہنا سیکھ لیں جب آپ کی بےعزتی ہو رہی ہو تو یہ ہی آپ کی اصل ترقی اور بڑا پن ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کی تقریباً 100 کروڑ مالیت کی جائیداد ’پونزی اسکیم‘ (ponzi scam) میں ملوث پائے جانے کے شبے میں ضبط کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 100 کروڑ کی اس جائیداد میں جوہو میں واقع ایک رہائشی فلیٹ بھی شامل ہے جو فی الحال اداکارہ شلپا شیٹی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بِٹ کوائن پونزی اسکیم سے جڑی جانچ پڑتال کے دوران راج کندرا کی جائیداد ضبط کی ہے۔