• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرجیل میمن کا ہر ضلع میں پیپلز بس سروس چلانے کا اعلان


وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نےصوبے کے ہر ضلع میں پیپلز بس سروس چلانے کا اعلان کیا اور کہا کہ عوامی حکومت عوام کے کام کرتی ہے۔

میرپور خاص میں پیپلز بس سروس کی تقریب سے خطاب میں شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کی طرز پر سندھ کے دیگر شہروں میں بھی پیپلز بس سروس شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت عوام کے کام کرتی ہے، صوبے کے ہر ضلع میں پیپلز بس سروس چلائیں گے۔

وزیر اطلاعات سندھ نے چیلنج کیا کہ ہمارے منصوبوں میں دنیا کے کسی بھی ادارے سے آڈٹ کروالیں، شفافیت ہی ملے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ساڑھے 3 سال صرف انتشار پھیلایا اور کوئی ایک منصوبہ نہیں بنایا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کے غنڈوں نے پیپلز بس سروس کو بھی نقصان پہنچایا، عوامی اثاثوں کو جلانے کے کلچر کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو پروپیگنڈا کر رہے تھے وہ آج کل جیل میں ہیں، پشاور میں بی آر ٹی منصوبے میں بھی 7 ارب روپے کی کک بیکس سامنے آئی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے جو وعدے کیے وہ پورے کر رہے ہیں، 10 نکاتی معاشی ایجنڈے کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں عوام آج بھی 50 روپے میں 30 کلو میٹر کا سفر کر رہے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ نمائندے 5 سال تک عوام کی خدمت کریں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ہم مزید بس سروس شروع کریں گے، پیپلز پارٹی عوام کے ووٹ سے آتی ہے اس لیے عوامی منصوبے شروع کیے۔

انہوں نے کہا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام پر تنقید کی گئی آج دنیا تعریف کر رہی ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں کھانا دیا گیا، راشن فراہم کیا گیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کے لیے گھر بھی بنارہی ہے، کچھ سیاست دان نہیں سمجھتے کہ نفرت کی سیاست زیادہ دیر نہیں چلتی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عوامی حکومت کے فیصلے ہوتے ہیں لیکن کچھ بیوقوف سیاستدان نہیں سمجھتے، 9 مئی کو عوام کے لیے لائی گئیں بسیں پی ٹی آئی کے غنڈوں نے جلائیں۔

قومی خبریں سے مزید