• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہنگامی حالات میں پاکستان کی باگ ڈور سنبھالی، رہنما پی پی پی برطانیہ

لندن ( جنگ نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ اور پاکستان پیپلز پارٹی گریٹر لندن نے شہید وزیر اعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مغربی لندن میں تقریب کا انعقاد کیا ۔ تقریب میں پی پی پی کے ووٹرز اور حامیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں پی پی پی برطانیہ کے صدرمحسن باری، سیکرٹری جنرل اظہر اقبال ، نائب صدر شگفتہ نسرین ،پی پی پی گریٹر لندن کے صدر میاں سلیم ، سیکرٹری جنرل راجہ افتخار، نائب صدر امانت علی انجم اور مہمانان مشتاق لاشاری (سی بی ای) اور مہمانِ خصوصی پی پی پی امریکہ کے صدر خالد اقبال نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام کی میزبانی اسد نواز اسپوکس پرسن پیپلز پارٹی گریٹر لندن نے کی۔ شرکاء نے اپنے عزیز رہنما کی زندگی اور وراثت کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے عدالتی قتل کا پاکستان کی جمہوریت اور عوام پر جو اثر ہوا اس کا حوالہ دیا ۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کی باگ ڈور ہنگامی صورتحال میں سنبھالی، جمہوریت کو بحال کیا، 93000 قیدیوں کو بھارتی قید سے رہا کرایا اور بھارت سے کئی سو کلومیٹر علاقے کو بھی واگزار کرایا، قوم کو پہلا مستقل آئین دیا، اقتصادی بہتری کی پالیسی سازی کی اور پاکستانی محنت کشوں کو بین الاقوامی لیبر مارکیٹ تک رسائی دی اور عوام کا افواجِ پاکستان میں اعتماد بحال کرایا۔ ‎اس موقع پر ممبر سازی کی مہم کابھی آغاز کیا گیا اور کارکنان کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کےلئے کہا گیا۔ تنظیم کی نئی ویب سائٹ کی رونمائی بھی کی گئی۔ ‎اس موقع پر شرکاء نے شہید ‎وزیر اعظم اور پاکستان کی خوشحالی اورحفاظت کے لئے دعا کی۔

یورپ سے سے مزید