مانچسٹر/ لیڈز (زاہد انور مرزا/ نمائندہ جنگ) انگلینڈ اور ویلز سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ‘ شدید بارشوں ‘ اور تیز ہواؤں کے باعث مختلف حادثات کی شکل میں اب تک 5افراد زندگی کی بازی ہارچکے ہیں۔برفباری اور بارش اور سردی سے گھروں،سڑکوں ، ریل نیٹ ورک سمیت عام معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بدھ کی صبح انگلینڈ میں 90 سے زائد سیلاب کی وارننگز جاری کی گئیں، جن میں شمالی ہمپٹن شائر کے دریائے نین کے آس پاس کے علاقے کے لیے ’’زندگی کے لیے خطرہ‘‘ کی شدید وارننگ بھی شامل ہے۔اسٹورم کونل اس ہفتے جنوبی انگلینڈ کو تقریباً نصف ماہ کی بارش کے ساتھ متاثر کرے گا، جب کہ متاثرہ کمیونٹیز اب بھی اسٹورم برٹ کی تباہ کاریوں سے بحالی کی کوشش کر رہی ہیں اسٹورم برٹ نے سینکڑوں گھروں کو سیلاب میں ڈبو دیا، سڑکوں کو دریاؤں میں تبدیل کر دیا اور 80میل فی گھنٹہ سے زیادہ کی تیز ہوائیں چلائیں ۔دونوں شہروں میں سیلاب کی سو سے زائد وارننگز ابھی بھی مکینوں کے سر پر تلوار کی طرح لٹک رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے برٹ نامی طوفان کے باعث نارتھمپٹن شائر میںدریا میںطغیانی کے باعث سال میں تیسری مرتبہ کارواں پارک ڈوبنے سے خطرات بڑھ گئے ہیںطوفان اور تیز ہواؤں کے باعث ہلاکتوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر سفری مشکلات نے بھی لوگوں کو گھیر رکھا ہے۔ میٹ آفس کی طرف سے جنوب مغربی‘ جنوب مشرقی انگلینڈ کے بعض حصوں کیلئے ییلو وارننگ جاری کی گئی ہےاور انگلینڈ اور ویلز میں سیلاب کے شدید خطرات موجودہیں۔اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ تاحال طوفانی صورتحال میں وارننگز سے بچے ہوئے ہیں سیکرٹری ماحولیات اسٹیوریڈ نے ہاؤس آف کامنز میں اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اگلے چند یوم کے دوران سیلابی صورتحال برقرا ررہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔ دریاؤں میںپانی کی مسلسل بڑھتی ہوئی سطح خطرے کی گھنٹی ہے۔سیلابی میںپھنسے لوگوں کو محفوظ مقام تک منتقل کرنے کیلئے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریل نیٹ ورک کی طرف سے بھی مغربی انگلینڈ اور ویلز میںسروسزمتاثر ہو نے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ انسانیت کی خدمت کیلئے کام کرنیوالی مختلف فلاحی تنظیموں کی طرف سے متاثرین کی مدد کیلئے آپریشن کیا جا رہا ہے ویسٹ نارتھمپٹن شائر کونسل کی طر ف سے بھی درجنوں خاندانوں جن میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں کو محفوظ مقام پر منتقل کر کے ان کی مدد کی ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ سائرن بجنے کے بعد انہیں توقع نہیں تھی کہ حالات اتنے برے ہو جائیں گے رواں سال شاید یہ چوتھا موقع ہے کہ ہم کو سیلاب کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے مسافروں کو دوران ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔