وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس کے دوران دونوں رہنماؤں کے مابین نیک خواہشات کا تبادلہ ہوا ہے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے کہا کہ عام انتخابات کے بعد آپ پہلے سربراہِ مملکت ہیں جو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آپ کے اس دورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے پاکستان آمد پر پُرتپاک استقبال کرنے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایران پاکستان دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین تجارت اور مواصلاتی روابط بڑھانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
اس سے قبل ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچے تو وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کو وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایرانی وفد کے اراکین سے مصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے، جس کے بعد ایرانی صدر کے اعزاز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ایرانی صدر نے وفاقی کابینہ کے اراکین سے ملاقات کی اور وزیرِ اعظم ہاؤس کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی وفد کے ہمراہ آج وزیرِ اعظم ہاؤس میں اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے۔
اس سے پہلے آج صبح ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے، ان کی اہلیہ، ایرانی وزیرِ خارجہ، کابینہ ارکان، اعلیٰ حکام اور تاجر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
اسلام آباد میں ایئر پورٹ پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے استقبال کیا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی سے صدر آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، سربراہ پاک فوج جنرل عاصم منیر سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں شیڈولڈ ہیں۔
آج رات ایرانی صدر کی ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ہو گی۔
صدرِ مملکت ایرانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کل صبح لاہور پہنچیں گے، جہاں ان کی وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور گورنر پنجاب سے ملاقات ہو گی، وہ علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے۔
ایرانی صدر کل ہی کراچی جائیں گے، جہاں ان کی وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات ہو گی، وہ مزارِ قائد پر حاضری بھی دیں گے۔
معزز مہمان کی آمد پر کراچی میں 23 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
بدھ کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ایران روانہ ہوں گے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات مزید مضبوط بنانے، تجارت، توانائی، زراعت، عوام سے عوام کے باہمی رابطوں اور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعاون پر بات چیت ہو گی۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کا دورہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے حالیہ دورے کا ایجنڈا باہمی اعتماد سازی اور تعاون کا فروغ ہے۔
ایرانی صدر کے ہمراہ آیا ہوا وفد تجارت اور توانائی سے متعلق مفاہمتی یاداشتوں پردستخط کرے گا ۔
نئی حکومت آنے کے بعد کسی بھی سربراہِ مملکت کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔