کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مخلص نہیں، اس ملک میں پلانٹڈ ہیں، وہ اقتدار کی ہوس میں پاکستان کی امداد بند کرا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو میڈیا ہیرو بنا رہا ہے، میڈیا نوجوانوں کو حقیقت بتائے،بانی پی ٹی آئی پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، پاکستان کے خلاف گہری سازش کی جا رہی ہے جس میں بانی پی ٹی آئی کا بڑا کردار ہے۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی لڑائی سیاسی پارٹی یا اسٹیبلشمنٹ سے نہیں وہ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاریخی دھاندلی کے بعد بانی پی ٹی آئی کو وزیرِ اعظم بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ 1 ارب روپے بانی پی ٹی آئی نے بنی گالا سے دفتر جانے کے لیے ہیلی کاپٹر میں استعمال کیے، ان کے پاس سازشی ٹولہ ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا کی دہشت گرد جماعت ہے۔