کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پٹیل روڈ پر کنٹینر کی ٹکر سے ٹرانسفارمر تباہ ‘24گھنٹے گزرنے کے باوجود ٹرانسفارمر کی مرمت نہ ہونے سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پٹیل روڈ پر کنٹینر کی ٹکر سے ٹرانسفارمر جل گیا ۔ اس موقع مکینوں نے کنٹینر کو روکا اور پولیس اور کیسکو حکام کو اطلاع دی جس پر کیسکو حکام اور گوالمنڈی پولیس موقع پر پہنچ گئے بعدازاں انہوں نے کنٹینر ڈرائیور کو گرفتار کرنے کی بجائے اسے جانے دیا۔ مکینوں نے کہا کہ 24گھنٹے سے زائد وقت گزرگیا لیکن تاحال ٹرانسفارمر کی مرمت نہ ہوسکی۔ کیسکو حکام سے رابطہ کرنے پر ایس ڈی او نے جواب دیا کہ وہ اس سلسلے میں کچھ بھی نہیں کرسکتا۔ مکینوں نے بتایا کہ بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے یاسین ہسپتال کے اطراف کی گلیاں اور دکانیں اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہیں جبکہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ مکینوں نے کیسکو حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مذکورہ ٹرانسفارمر کی مرمت کراکر مکینوں کو مشکلات سے نجات دلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو احتجاج کیا جائے گا۔